عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پہلگام حملے کی تحقیقات میں تیزی آتے ہی، این آئی اے نے جموں میں قید دو ملی ٹینٹ، مشتاق اور نثار، سے تفتیش کی ہے۔ دونوں سے اس حملے میں ممکنہ کردار کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، جس میں 26 شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
یہ دونوں ملی ٹینٹ اپریل 2023 سے جموں کی جیل میں قید ہیں۔ انہیں راجوری ضلع میں شہریوں پر حملے اور اس کے بعد ہونے والے آئی ای ڈی دھماکے میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ان حملوں میں سات افراد، جن میں دو بچے بھی شامل تھے، جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوئے تھے۔
این آئی اے نے پہلگام حملے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز 27 اپریل کو جموں میں مقدمہ درج کر کے کیا۔ ادارے کی کئی ٹیمیں شواہد جمع کرنے اور عینی شاہدین سمیت متاثرہ خاندانوں سے تفتیش میں مصروف ہیں تاکہ حملے کی سازش کو بے نقاب کیا جا سکے۔ این آئی اے کی ٹیموں نے مہاراشٹرا، اڑیسہ اور مغربی بنگال سمیت مختلف ریاستوں میں متاثرہ خاندانوں کے بیانات قلمبند کیے ہیں۔ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حملے میں پانچ سے سات ملی ٹینٹ شامل ہو سکتے ہیں۔ حملہ آوروں کو کم از کم دو مقامی جنگجوؤں کی مدد حاصل تھی، جنہیں پاکستان میں تربیت دی گئی تھی۔
پہلگام حملہ: این آئی اے نے جموں میں قید دو ملی ٹینٹوںسے تفتیش کی
