عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/پہلگام حملے کو انجام دینے والے ملی ٹینٹوں اور اس حملے کی سازش کرنے والوں کے خلاف حکمت عملی بنانے کے لیے حکومت میں اعلیٰ سطحی میٹنگیں مسلسل جاری ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو وزیر دفاع، قومی سلامتی کے مشیر، چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں گہرائی سے بات چیت کی۔
ذرائع کے مطابق وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان، آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی، فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ اور بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش ترپاٹھی نے شام کو وزیراعظم کی رہائش گاہ پر ہوئی میٹنگ میں شرکت کی۔ وزیر دفاع سے وزیراعظم کی یہ تیسری ملاقات ہے۔
ملاقات میں وزیراعظم کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور فورسز کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلات دی گئیں۔بدھ کو سیکورٹی معاملات پر مرکزی کابینہ کی میٹنگ سے قبل ہونے والی اس اعلیٰ سطحی میٹنگ کو بہت اہم سمجھا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ مرکزی داخلہ سکریٹری نے بارڈر سیکورٹی فورس، آسام رائفلز اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں بھی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
پہلگام حملے کے بعد پاکستان کے خلاف کئی سفارتی اور دیگر سخت فیصلے کرنے کے بعد اب ہندوستان دہشت گردوں کو ان کی مذموم حرکت کا سبق سکھانے کی حکمت عملی بنانے میں مصروف ہے۔
پہلگام حملہ :مودی نے راج ناتھ اور فوجی سربراہان کے ساتھ اہم میٹنگ کی
