عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پہلگام میں منگل کو پیش آئے حملے کے بعد وادی میں موجود سیاحوں کی واپسی کو آسان بنانے کے لیے ایوی ایشن ریگولیٹری اتھارٹی (ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن) نے تمام ایئرلائنز کو سرینگر سے مختلف شہروں کے لیے اضافی پروازیں چلانے کی ہدایت دی ہے۔
ڈی جی سی اے کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ پہلگام میں پیش آئے ہولناک واقعے کے بعد ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے سیاحوں میں فوری واپسی کی طلب میں غیرمعمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس تناظر میں ایئرلائنز سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر اقدامات اٹھائیں تاکہ متاثرہ اور پھنسے ہوئے سیاحوں کی بروقت منتقلی ممکن ہو سکے۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ ایئرلائنز کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سرینگر روٹ پر ٹکٹ کی منسوخی اور دوبارہ شیڈولنگ کی فیس معاف کریں تاکہ اس ہنگامی صورتحال میں مسافروں کو کسی مالی بوجھ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس کے علاوہ، سول ایوی ایشن کی وزارت نے تمام ایئرلائنز کو ہدایت دی ہے کہ سرینگر روٹ پر کرایوں میں اچانک اضافے سے گریز کیا جائے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ موجودہ نازک صورتحال کے دوران مسافروں کی سہولت کو ترجیح دی جائے۔ذرائع کے مطابق، ایئر انڈیا اور انڈیگو نے بدھ کے روز سرینگر سے اضافی پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے تاکہ سیاحوں کو بحفاظت ان کے گھروں تک پہنچایا جا سکے۔انتظامیہ نے تمام مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور حکومتی رہنمائی پر عمل کرتے ہوئے محفوظ طریقے سے اپنی واپسی کو ممکن بنائیں۔
پہلگام حملہ :’ڈی جی سی اے‘ نے سری نگر سے اضافی پروزایں چلانے کی ہدایت دی
