عظمیٰ ویب ڈیسک
پہلگام/منگل کی سہ پہر کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام کے قریب واقع ایک معروف چراگاہ میں ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں اکثریت سیاحوں کی تھی۔ یہ 2019 کے پلوامہ حملے کے بعد وادی میں ہونے والا سب سے بڑاملی ٹینٹ حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ایک اعلیٰ حکومتی عہدارنے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں دو غیر ملکی اور دو مقامی افراد بھی شامل ہیں، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے حملے کو حالیہ برسوں میں عام شہریوں پر ہونے والا سب سے بڑا ملی ٹینٹ حملہ قرار دیا ہے۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس بھارت کے دورے پر ہیں اور وادی کشمیر میں سیاحتی و ٹریکنگ سیزن عروج پر ہے۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ سہ پہر تین بجے کے قریب پیش آیا۔
بائیسارن، جو پہلگام سے تقریباً چھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، ایک سرسبز میدان ہے جسے گھنے دیودار کے جنگلات اور پہاڑوں نے گھیر رکھا ہے اور اسے ’منی سوئٹزرلینڈ‘بھی کہا جاتا ہے۔ یہ جگہ ملک اور دنیا بھر کے سیاحوں میں بے حد مقبول ہے۔
عینی شاہدین اور حکام کے مطابق مسلح ملی ٹینٹ میدان میں داخل ہوئے اور وہاں موجود سیاحوں پر فائرنگ شروع کر دی جو کھانے پینے کے اسٹالز کے قریب، ٹٹو رائیڈز لیتے یا پکنک منا رہے تھے۔ حملے میں کم از کم 20 افراد زخمی ہوئے۔ وادی کشمیر میں سیاحوں کو نشانہ بنانے کے ایسے واقعات ماضی میں کم ہی دیکھنے میں آئے ہیں۔
جیسے ہی اس ملی ٹینٹ حملے کی خبر پھیلی،دی ریزسٹنس فرنٹ (TRF)جو کہ کالعدم پاکستانی تنظیم لشکرِ طیبہ کا ذیلی گروپ ہے نے اس کی ذمہ داری قبول کر لی۔حکام کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ ملی ٹینٹ جموں کے ضلع کشتواڑ سے وادی میں داخل ہوئے ہوں اور جنوبی کشمیر کے کوکرناگ کے راستے بائیسارن پہنچے ہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ امیت شاہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو، جو اس وقت سعودی عرب کے دورے پر ہیں، اس صورتحال سے آگاہ کیا اور فوراً سری نگر روانہ ہو گئے تاکہ سیکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ ہنگامی اجلاس میں صورت حال کا جائزہ لیا جا سکے۔
عینی شاہدین نے اس واقعے کو ایک ہولناک منظر قرار دیا، جہاں ایک عام منگل کی دوپہر اچانک گولیوں کی گونج سے لرز اٹھی۔ لوگ چیختے چلاتے مدد کے لیے پکار رہے تھے جبکہ متعدد لاشیں خون میں لت پت زمین پر پڑی تھیں۔کچھ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد پانچ تھی۔ایک خاتون عینی شاہد نے بتایامیرے شوہر کے سر میں گولی لگی، جبکہ سات اور افراد بھی اس حملے میں زخمی ہوئے۔
پہلگام ملی ٹینٹ حملہ :،26افرادجاں بحق ،متعدد زخمی
