سری نگر//نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (پی اے جی ڈی) کا دفتر کبھی بند نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ایک جمہوری پارٹی ہے اور وہ قرار داد پاس کر سکتی ہے۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’پی اے جی ڈی کا دفتر کبھی بند نہیں ہوگا نیشنل کانفرنس ایک جمہوری پارٹی ہے اور وہ قرار داد پاس کرسکتی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی حتمی فیصلہ تب لیا جائے گا جب انتخابات ہوں گے اور ریاست میں اس وقت کیا صورتحال ہوگی اسی کے مطابق فیصلے لئے جائیں گے۔
اپنی پارٹی کے خلاف بیان کے متعلق ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ خلاف بیان آئیں گے برداشت کرنے کا مادہ پیدا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں برداشت اور صبر کرنے کا مادہ پیدا کرنا چاہئےاور قربانی کے لئے تیار رہنا چاہئے۔
عمر عبداللہ کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ’عمر صاحب خود سمجھتے ہیں کہ مجھے کیا کرنا ہے ان کو نصیحت کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے‘۔
قابل ذکر ہے کہ نینشل کانفرنس جس نے پی ڈی پی اور دیگر پارٹیوں کے ساتھ مل کر پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن بنائی، نے آنے والے اسمبلی انتخابات کے تمام 90 نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔