عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر حکومت نے منگل کے روز بتایا کہ جموں وکشمیر میں گذشتہ دو برسوں کے دوران سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور تشہیری سرگرمیوں پر زائد از 5 سو کروڑ روپے خرچ کئے گئے جس کے نتیجے میں ریکارڈ تعداد میں سیاحوں نے جموں وکشمیر کی سیر کی۔ایک سوال کے جواب میں حکومت نے منگل کے روز اسمبلی میں کہا کہ مالی سال 2023- 24 میں 253.75 کروڑ روپے جبکہ مالی سال 2024۔25 میں 268.42 کروڑ روپے سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کے لئے کیپکس بجٹ کے تحت مختص تھے۔
انہوں نے کہا ’اس عرصے کے دوران کوئی مرکزی معاونت یافتہ اسکیم نافذ نہیں کی گئی۔‘حکومت نے بتایا کہ اشتہارات اور تشہر کے لئے50.50 کروڑ روپیے مختص کئے گئے جن میں سے42.27 کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ان مہمات کے نتیجے میں جموں وکشمیر میں سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوا اور کئی نئے سیاحتی مقامات نقشے پر ابھر کر سامنے آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’گذشتہ دو برسوں کے دوران 4 کروڑ سے زیادہ سیاحوں نے جموں و کشمیر کی سیر کی اور اس دوران غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں بھی اضافہ درج ہوا جو 2021 22میں 19 ہزار سے بڑھ کر202223 میں 47 ہزار تک پہنچ گئی۔‘متعلقہ وزیر نے کہا کہ گریز، بنگس، دودھ پتھری، ایتھم اور بسولی جیسے غیر معروف مقامات محکمے کی تشہیری مہموں کے بدولت مقبول ہوگئے۔انہوں نے کہا ’جموں وکشمیر ایک اہم فلم شوٹنگ مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے جہاں لیو اور ڈنکی سمیت کئی فلمیں فلمائی گئیں۔‘
سیاحتی ڈھانچے کے فروغ کے لئے 5 سو کروڑ روپے سے زیادہ خرچ: حکومت