عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پیر کی صبح سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان 8,600 سے زائد یاتری جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے ہمالیہ میں واقع امرناتھ کی سالانہ یاترا کے لیے روانہ ہوئے۔
یاترا کا آغاز 3 جولائی سے دو راستوں، پہلگام (ضلع اننت ناگ) اور بالتل (ضلع گاندربل) سے ہوا ہے اور اب تک 70,000 سے زائد یاتری 3,880 میٹر کی بلندی پر واقع گھپامیں درشن کر چکے ہیں۔
چھٹے قافلے میں 8,605 یاتری شامل ہیں جن میں 6,486 مرد، 1,826 خواتین، 42 بچے اور 251 سادھو و سادھوی شامل ہیں۔ یہ قافلہ صبح 3:30 اور 4:25 بجے کے درمیان 372 گاڑیوں میں کشمیر کے دو بیس کیمپس کی جانب روانہ ہوا۔
پہلا قافلہ 3,486 یاتریوں پر مشتمل تھا جو 166 گاڑیوں میں نسبتاً چھوٹے مگر دشوار بالتال راستے سے روانہ ہوا، جبکہ دوسرا قافلہ 5,119 یاتریوں پر مشتمل تھا جو 206 گاڑیوں میں 48 کلومیٹر طویل روایتی پہلگام راستے سے روانہ ہوا۔
یہ بدھ کے بعد سے اب تک کا سب سے بڑا قافلہ تھا، جب لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 2 جولائی کو جموں سے یاترا کا باقاعدہ آغاز کیا تھا۔ اس کے ساتھ اب تک 40,361 یاتری جموں بیس کیمپ سے وادی کشمیر روانہ ہو چکے ہیں۔
رجسٹریشن کے لیے بڑی تعداد میں یاتری جموں پہنچ رہے ہیں جس کے باعث موقع پر رجسٹریشن کے کاؤنٹرز اور روزانہ کوٹہ بڑھا دیا گیا ہے تاکہ رش کم ہو سکے۔ 3,000 سے زائد عقیدت مند ملک کے مختلف حصوں سے رجسٹریشن کے لیے جموں پہنچے ہیں۔
’’بم بم بولے‘‘اور ’’ہر ہر مہادیو‘‘کے نعروں کے ساتھ یاتریوں کا جوش و جذبہ قابل دید تھا۔ یاتریوں نے کہا کہ وہ 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے حملے سے خوفزدہ نہیں، بلکہ وہ پوری عقیدت کے ساتھ بھگوان شیو کے درشن کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ شیو بھگوان سے کشمیر سے ملی ٹینسی کے مکمل خاتمے کی دعا کریں گے ۔
قابل ذکر ہےاب تک 3.5 لاکھ سے زائد افراد نے آن لائن رجسٹریشن کرائی ہے۔ جموں میں 34 رہائشی مراکز قائم کیے گئے ہیں اور یاتریوں کو ریڈیو فریکوئنسی آئیڈنٹیفکیشن (RFID) ٹیگ جاری کیے جا رہے ہیں۔ موقع پر رجسٹریشن کے لیے 12 کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں۔جموں صوبہ میں لکھن پور سے بانہال تک 50,000 سے زائد افراد کے قیام و طعام کا بندوبست کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 106 رہائشی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ اس سال جموں صوبہ میں امرناتھ یاترا کی سیکورٹی کے لیے 180 کمپنیوں پر مشتمل مرکزی نیم فوجی دستے تعینات کیے گئے ہیں، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 30 کمپنیاں زیادہ ہیں۔
امرناتھ یاترا کے لیے 8,600سے زائد یاتریوں پر مشتمل چھٹا قافلہ جموں بیس کیمپ سے روانہ
