تین ہزار سے زیادہ این سی کارکن ’گن کلچر‘ کا شکار: عمر عبداللہ

File Image

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے جمعرات کو کہا کہ ان کی پارٹی گن کلچر کا سب سے زیادہ شکار رہی ہے۔
عمر عبداللہ نے یہ تبصرہ اننت ناگ-راجوری لوک سبھا سیٹ کیلئے این سی امیدوار میاں الطاف کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ سبھی جانتے ہیں کہ یہ گن کلچر کہاں سے آیا اور نیشنل کانفرنس اس گن کلچر کا سب سے زیادہ شکار ہوئی ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا، ” این سی کے 3000 سے زیادہ سینئر کارکن، پارٹی کیڈر، عہدیدار، سابق قانون ساز اور سینئر لیڈر اس کلچر کا شکار ہو چکے ہیں۔ وزیر داخلہ کو بھی ان کی قربانیوں کا حساب دینا چاہیے”۔
انہوں نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ اننت ناگ-راجوری لوک سبھا سیٹ کے لئے این سی کے امیدوار میاں الطاف دیگر پارٹیوں کی حمایت سے بھاری مارجن سے جیتیں گے۔
انہوں نے کہا، ”میں کانگریس لیڈر جی اے میر کا بھی شکر گزار ہوں جو آج نامزدگی بھرنے کے عمل کے دوران دلی سے پوری طرح سے حاضر ہوئے“۔