عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر میں سال 2022 سے 2025 کے درمیان کتوں کے کاٹنے کے 2,12,968واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سب سے زیادہ کیس جموں اور سرینگر اضلاع سے سامنے آئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار قانون ساز اسمبلی میں ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے رکن اسمبلی مبارک گل کے ایک سوال کے جواب میں پیش کیے گئے۔اعداد و شمار کے مطابق، جموں صوبہ میں 98,470جبکہ کشمیر صوبہ میں 1,14,498واقعات درج کیے گئے۔
جموں صوبہ میں جموں ضلع سرفہرست رہا جہاں 54,889کیس رپورٹ ہوئے، اس کے بعد کٹھوعہ میں8,913،اودھم پور میں8,549،راجوری میں5,342،ڈوڈہ میں4,390،ریاسی میں 4,210، کشتواڑ میں 3,662،سانبہ میں3,335،پونچھ میں 2,923 اوررام بن میں 2,257 کیس درج ہوئے۔
کشمیر صوبہ میں سرینگرسب سے متاثرہ ضلع رہا جہاں 36,406کیس رپورٹ ہوئے، اس کے بعد اننت ناگ میں 26,453اوربارہمولہ میں 18,563کیس سامنے آئے۔ بڈگام میں 9,382، کولگام میں6,612،بانڈی پورہ میں 5,367، گاندربل میں3,338،کپواڑہ میں3,594، پلوامہ میں3,426 جبکہ شوپیاں میں سب سے کم 1,357 کیس رپورٹ ہوئے۔
حکومت نے بتایا کہ جون 2023 سے ستمبر 2025کے دوران 48,998آوارہ کتوں کی نس بندی اور ویکسینیشن کی گئی۔ یہ مہم جموں میونسپل کارپوریشن (13,730)، سرینگر میونسپل کارپوریشن (27,237)، اربن لوکل باڈیز کشمیر (161)، اور اربن لوکل باڈیز جموں (7,870) نے انجام دی۔
آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے سرینگر میونسپل کارپوریشن نے اینمل برتھ کنٹرول اور اینٹی ریبیز ویکسینیشن پروگرام کے تحت ایک جامع مہم شروع کی ہے، جو Animal Birth Control Rules 2023کے مطابق اینمل ویلفیئر بورڈ آف انڈیاکی ہدایت پر عمل میں لائی جا رہی ہے۔
پروگرام کے پہلے مرحلے میں 14,331کتوں کی نس بندی اور 14,706کو ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین دی گئی۔ موجودہ مرحلے (20252026) کے دوران، ایس ایم سی نے ایک تسلیم شدہ تنظیم کو وارڈ وار کیلنڈر کے مطابق یہ مہم جاری رکھنے کے لیے مصروف کیا ہے۔ادارے نے اہل چھترہامہ میں ایک تیسرا نس بندی و ویکسینیشن سینٹربھی قائم کرنے کا کام شروع کیا ہے، جس کے مکمل ہونے پر سرینگر شہر میں اس صلاحیت میں دس گنا اضافہ متوقع ہے۔
مزید برآں، ایس ایم سی نے عوامی آگاہی مہمات کو تیز کر دیا ہے تاکہ کتوں کے کاٹنے سے بچاؤ اور آوارہ کتوں کے ذمہ دارانہ برتاؤ کو فروغ دیا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے 25,000 سے زائد پوسٹرز تقسیم کیے گئے ہیں، جب کہ آگاہی پیغامات مقامی میڈیا اور ویسٹ کلیکشن گاڑیوں کے ذریعے نشر کیے جا رہے ہیں۔ عوام کے لیے کرنے اور نہ کرنے والے اقدامات پر مشتمل مشاورتی نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔انتظامیہ نے یقین دلایا کہ سرینگر میونسپل کارپوریشن،اینمل ویلفیئر بورڈ آف انڈیاکے رہنما اصولوں کے مطابق اینمل برتھ کنٹرول اور اینٹی ریبیز ویکسینیشن پروگرام پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔