بڈھا امرناتھ یاترا کا آغاز،ہزار سے زائد یاتریوں کا پہلا قافلہ جموں سے روانہ

KU Admin
2 Min Read

عظمیٰ ویب ڈیسک

جموں/لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کی صبح بڈھا امرناتھ یاترا 2025 کے پہلے قافلے کو بھگوتی نگر، جموں میں واقع یاتری نیواس سے روانہ کر کے سالانہ یاترا کا باقاعدہ آغاز کیا۔
یہ فلیگ آف تقریب صبح 6 بج کر 26 منٹ پر منعقد ہوئی، جس میں مرکزی وزیر کیشو راجو بطور مہمانِ خصوصی اور سنگٹھن منتری (وسطی بھارت) سریندر نے شرکت کی۔
اس موقع پر کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے جن میں صوبائی کمیشنر جموں رمیش کمار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شیر سنگھ، انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں بھیم سین توتی، ڈی آئی جی جموں شیو کمار ، ڈی آئی جی (آپریشنز) سی آر پی ایف نیرج کمار پانڈے، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جموں جوگندر سنگھ، اور ایس ایس پی سکیورٹی راجیش کمار شرما شامل تھے۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا، “آج ایک ہزار سے زائد یاتری بڈھا امرناتھ یاترا پر روانہ ہوئے ہیں۔ ملک بھر سے عقیدت مند اس مقدس یاترا میں شرکت کر رہے ہیں۔ یاتریوں کی حفاظت کے لیے مکمل سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اب تک 3.77 لاکھ سے زائد عقیدت مند امرناتھ یاترا مکمل کر چکے ہیں، اور میں جموں و کشمیر انتظامیہ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے یاتریوں کی سہولت کے لیے انتھک محنت کی ہے۔”
ایل جی منوج سنہا نے یاتریوں کو ایک محفوظ اور روحانی طور پر بھرپور یاترا کے لیے نیک خواہشات پیش کیں اور یاترا کے پُرامن اور منظم انعقاد کے لیے انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کی ہم آہنگ کوششوں کی تعریف کی۔

Share This Article