عظمیٰ ویب ڈیسک
دھر /وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز کہا کہ بھارتی فوجیوں نے ’’آپریشن سندور‘‘کے دوران پلک جھپکتے ہی پاکستان کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔وزیر اعظم مودی نے اِن باتوں کا اظہارمدھیہ پردیش کے ضلع دھر میں پردھان منتری میگا انٹیگریٹڈ ٹیکسٹائل ریجن اینڈ اپیرل (پی ایم مترا) پارک کی سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر مودی نے ’سواستھ ناری شکتی خاندان‘ اور ’آٹھواں راشٹریہ پوشن ماہ‘ مہم کا بھی آغاز کیا، جن کا مقصد خواتین کی صحت کی خدمات کو فروغ دینا اور غذائیت کو بڑھاوا دینا ہے۔یہ دورہ وزیر اعظم مودی کی سالگرہ کے دن ریاست کا دوسرا دورہ تھا۔ اس دن 2022 میں انہوں نے نامیبیا سے لائے گئے آٹھ چیتوں کو کونو نیشنل پارک میں آزاد کیا تھا۔
میک ان انڈیا اور دیسی مصنوعات کی خریداری پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا:
’’یہ تہواروں کا موسم ہے اور ہمیں سواتنتر بھارت کا منتر یاد رکھنا ہے اور اپنی زندگی میں اسے اپنانا ہے۔ انھوں نے کا کہا کہ 140 کروڑ ہم وطنوں سے میری عاجزانہ درخواست ہے کہ جو بھی خریدیں وہ ہمارے ملک میں بنا ہو، کسی ہندوستانی کی محنت پسینہ اس میں شامل ہو، اور اس میں میری بھارت کی مٹی کی خوشبو ہو۔
وزیر اعظم نے ’’آپریشن سندور‘‘کے دوران بھارتی فوجیوں کی بہادری کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے کہا’’ماں بھارت کی سلامتی ہی قوم کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔ پاکستان سے آئے دہشت گردوں نے ہماری بیٹیوں اور بہنوں کی عزت کو داغدار کرنے کی کوشش کی۔ آپریشن سندور کے ذریعے ہم نے دہشت گرد لانچ پیڈز کو تباہ کر دیا۔ ہمارے بہادر فوجیوں نے پلک جھپکتے ہی پاکستان کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔‘‘
مودی نے 17 ستمبر 1948 کے دن کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ اس روز سردار ولبھ بھائی پٹیل کے فولادی عزم کا مظاہرہ ہوا تھا۔انہوں نے کہا’’بھارتی فوج نے حیدرآباد کو ظلم سے آزاد کرایا، عوام کے حقوق کی حفاظت کی اور بھارت کا وقار بحال کیا۔ اب ہم نے اس دن کو ’حیدرآباد لبریشن ڈے‘ کے طور پر منانا شروع کیا ہے۔ آج حیدرآباد میں اس موقع پر شاندار تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔اس پروگرام میں ضلع دھر کی عوام نے وزیر اعظم کو ان کی 75ویں سالگرہ پر مبارکباد بھی پیش کی۔
ہمارے فوجیوں نے پلک جھپکتے ہی پاکستان کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا: وزیر اعظم نریندر مودی
