پولیس عام آدمی کے دل و دماغ سے ’خوف‘ مٹانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے: سپیشل ڈی جی

عظمیٰ ویب ڈیسک

سری نگر// جموں و کشمیر پولیس کے سپیشل ڈائریکٹر جنرل (سی آئی ڈی) آر آر سیوان نے پیر کو کہا کہ پولیس عام آدمی کے دل و دماغ سے خوف کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے جبکہ تشدد کو فروغ دینے والوں کے خلاف لڑائی جاری ہے۔
جموں و کشمیر پولیس کے زیر اہتمام ایک میگا میراتھن کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے،سپیشل ڈی جی (سی آئی ڈی) نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس خاموشی سے دشمن کے خلاف لڑ رہی ہے ۔ “تشدد کو فروغ دینے والے کچھ لوگوں سے لڑنے کے لیے کچھ زیادہ بہادری کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ جموں و کشمیر پولیس میں موجود ہے۔ جموں و کشمیر پولیس کے سامنے چیلنجز اس سے بالکل مختلف ہیں جو دوسری فورسز کو درپیش ہیں۔ “ہم یہ جنگ خاموشی سے لڑ رہے ہیں، خاموشی سے اس عام آدمی کے لیے جو دور گاو¿ں میں بیٹھا ہے۔ ہماری لڑائی ایک چھوٹے کسان، ایک وکیل، ایک خطیب اور ایک چھوٹے صحافی کے لیے ہے یا اس معاملے میں ایک عام آدمی کے لیے ہے جو قانون کا احترام کرتا ہے اور اس کی پاسداری کرتا ہے۔
جموں و کشمیر پولیس نے سرینگر میں ایک بڑے میراتھن کا انعقاد کیا تھا جس میں کشمیر، جموں اور ملک کے دیگر حصوں سے شرکاءنے حصہ لیا۔ یہ تقریب گاندھی جینتی کے موقع پر تھی۔
پولیس افسر نے کہا، “گاندھی جی نے ہمیشہ عدم تشدد کو فروغ دیا”۔
اُنہوں نے کہا، “ہمیں امن پسند لوگوں اور ان لوگوں کے درمیان فرق کرنا ہو گا جن کا اصل مقصد تشدد ہے۔ لہٰذا ہماری لڑائی تشدد کرنے والوں کے خلاف ہے۔ ہماری لڑائی عام لوگوں کے لیے ہے اور ہماری کوشش ہے کہ عام آدمی کے دل و دماغ سے خوف کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے”۔