عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز کہا کہ بڈگام ضمنی انتخاب کے لیے پارٹی امیدوار آغا محمود کو رکن پارلیمان آغا روح اللہ مہدی کی حمایت کی توقع ہے۔
آغا محمود کی جانب سے بڈگام ضمنی انتخاب کے لیے نامزدگی داخل کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ آغا روح اللہ کی حمایت کے حوالے سے مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا، ’’آغا محمود پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ آغا روح اللہ اُن کے بیٹے کی مانند ہیں، وہ ان سے انتخابی حمایت کی امید رکھتے ہیں۔ اس پر مزید کہنے کو کیا رہ جاتا ہے۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ کانگریس کو نگروٹہ نشست کی پیشکش کی گئی تھی، حالانکہ 2014 کے انتخابات میں نیشنل کانفرنس نے وہاں کامیابی حاصل کی تھی اور گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بھی امیدوار کھڑا کیا تھا۔ ’’چونکہ کانگریس نے اس نشست سے امیدوار کھڑا کرنے سے انکار کیا، اس لیے پارٹی نے شمیمہ بیگم کو امیدوار نامزد کیا جنہوں نے آج اپنے کاغذات نامزدگی جمع کیےـ
عمر عبداللہ نے بتایا کہ پارٹی صدر نے رہنماؤں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد آغا محمود کو بڈگام نشست کے لیے نامزد کیا، جسے پارٹی نے درست فیصلہ قرار دیا۔ ’’امیدوار کے اعلان میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہوئی، کیونکہ تقریباً تمام امیدواروں نے آج ہی اپنے کاغذات داخل کیے۔انھوں نے کہا دیگر جماعتوں کی طرح ہم نے بھی یہ فیصلہ حکمتِ عملی کے تحت لیا ـ
بڈگام امیدوار کو آغا روح اللہ کی حمایت کی توقع ہے: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ
