عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور ایم ایل اے لال چوک، احسان پردیسی نے اپوزیشن جماعت پی ڈی پی کو دفعہ 370 پر غیر ضروری شور مچانے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہنگامہ صرف اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ پارٹی کو حالیہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں شدید نقصان اٹھانے کے بعد خود کو دوبارہ سیاسی طور پر مستحکم کرنے کا موقع مل سکے۔
انہوں نے کہانیشنل کانفرنس نے آرٹیکل 370 کے مسئلے سے کبھی روگردانی نہیں کی۔ اپوزیشن کو اپنی موجودگی کا احساس دلانا ضروری بن گیاہے کیونکہ حالیہ انتخابات میں انہیں شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے اور وہ محض تین نشستوں تک محدود ہو چکے ہیں۔ عوام نے ہمیں پانچ سال کے لیے مینڈیٹ دیا ہے، وہ ہمیں اس عرصے کے بعد جواب دہ بنا سکتے ہیں ۔آنے والے بجٹ سیشن پر تبصرہ کرتے ہوئے این سی رہنما نے کہا کہ’’میں یقین دلاتا ہوں کہ بجٹ عوام دوست ہوگا اور آنے والے سالوں میں عوام کو اس سے بہت زیادہ فائدہ پہنچے گا۔
جب ان سے جموں و کشمیر میں خشک موسم کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک طویل خشک سالی دیکھی ہے، لیکن خوش قسمتی سے اب بارشیں شروع ہو رہی ہیں، اور ہمیں امید ہے کہ جاری بارشیں ہماری پریشانیوں کا خاتمہ کریں گی۔
اپوزیشن کا 370پر شور مچانا محض اپنی بقا بچانا ہے: احسان پردیسی
