عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پولیس کا کہنا ہے کہ شمالی ضلع بارہمولہ میں ملی ٹینسی کے معاون نیٹ ورک کو تباہ کرنے اور عوامی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لئے سلسلہ وار اور مربوط کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ مہم ایک طویل المدتی کوشش کا حصہ ہے جس کا مقصد ملک دشمن عناصر کی مدد کرنے والے نظام کو جڑ سے ختم کرنا اور ضلع میں امن کو بر قرار رکھنا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ ان کارروائیوں کے دوران پاکستان زیر قبضہ کشمیر اور پاکستان میں مقیم کشمیری باشندوں سے منسلک 16 جائیدادوں کی تلاشی لی گئی جس کے نتیجے میں 10 افراد کو پیشگی قانونی دفعات کے تحت پابند کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 23 ایسے مقامات پر چھاپے مارے گئے جو اوور گرائونڈ ورکز (او جی ڈبلیوز) سے وابستہ تھے جن میں سے 16 کو غیر قانونی سرگرمیوں کی مدد کرنے پر پابند بنایا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ یو اے پی اے کے تحت گرفتار مگر ضمانت پر رہا5 مزید او جی ڈبلیوز کو پابند بنایا گیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ 11 سم کارڈ فروشوں کا معائنہ کیا گیا تاکہ صاف کی توثیق کے اصولوں پر سختی سے عمل در آمد کو یقینی بنایا جا سکے اور ٹیلی کام خدمات کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ علاوہ ازیں 175 گاڑیوں کی قومی شاہراہ اور دیگر اہم راستوں پر قائم ناکوں اور چیک پوائنٹس پر سخت جانچ پڑتال کی گئی اور ضلع میں 32 علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کارروائیاں انجام دی گئیں۔ان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں جموں و کشمیر پولیس کے فعال اور جامع حکمت عملی کا عکاس ہیں جس کا مقصد دہشت گرد سرگرمیوں میں معاون ڈھانچوں کو غیر موثر بنانا ہے۔
بارہمولہ میں ملی ٹینسی کے معاون نیٹ ورک کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری: پولیس