عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیر اعظم نریندر مودی پہلگام دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستانی مسلح افواج کے آپریشن سندور کے بعد فوجی کارروائی روکنے پر پاکستان کے ساتھ طے پانے والے جنگ بندی کے معاہدے کے تناظر میں آج شام 8 بجے قوم سے خطاب کریں گے۔وزیر اعظم کے دفتر نے پیر کو ایک مختصر نوٹ میں کہا کہ مسٹر مودی رات 8 بجے قوم سے خطاب کریں گے۔
آپریشن سندور 6 مئی کی رات کو شروع کیا گیا تھا جس میں ہندوستان نے پاکستان اور پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں دہشت گردوں کے 9 ٹھکانے تباہ کر دیے تھے۔ اس آپریشن میں 100 سے زائد دہشت گرد مارے گئے تھے۔
اس کے جواب میں پاکستانی فوج نے 7 مئی کی رات سے ہندستانی شہری اور فوجی تنصیبات کے خلاف کئی حملے شروع کیے جنہیں ہندستانی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ ہندستان کی سخت فوجی کارروائی سے متاثر ہوئے پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے ہفتے کے روز اپنے ہندستانی ہم منصب کے ساتھ ہاٹ لائن پربات چیت میں شام 5 بجے سے فوجی کارروائی روکنے پر متفق ہونے کی پیشکش کی تھی۔ اس کے بعد سے لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر فائرنگ کا سلسلہ رک گیا ہے۔
آپریشن سندور: مودی رات 8 بجے قوم سے خطاب کریں گے
