عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیر اعظم نریندر مودی نے آپریشن سندور کو سرحد پار دہشت گردی کے خلاف ہندوستانی عوام کے غصے کا اظہار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی فوج کی کارروائی سے پاکستان کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے اور آئے روز نئے انکشافات ہو رہے ہیں۔نریندر مودی نے جمعہ کے روز تاریخی لال قلعہ کی فصیل سے یوم آزادی کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا، “آپریشن سندور 140 کروڑ ہم وطنوں کے غصے کا اظہار ہے۔‘‘
وزیراعظم نے کہا کہ میرے ملک کی فوج نے دشمنوں کو ان کے تصور سے پرے سزا دی ہے جسے وہ دیر تک نہیں بھولیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری فوج نے سینکڑوں کلومیٹر پاکستان میں داخل ہو کر کارروائی کی۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ آج مجھے لال قلعہ کی فصیل سے آپریشن سندور کے بہادر سپاہیوں کو سلامی دینے کا شرف حاصل ہوا ہے، اس نے دشمنوں کو ان کے تصور سے بھی پرے سزا دی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا22 اپریل کو سرحد پار سے دہشت گردوں نے پہلگام میں جس طرح کا قتل عام کیا، لوگوں کو ان کا مذہب پوچھ کر مارا گیا، ایک شوہر کو اس کی بیوی کے سامنے گولی مار کر ہلاک کیا گیا، ایک باپ کو اس کے بچوں کے سامنے مار دیا گیا، پورا ہندوستان غصے میں آگیا۔ اس طرح کے قتل عام سے پوری دنیا حیران ہوگئی۔
آپریشن سندور ہندوستانیوں کے غصے کا اظہار ہے: مودی
