عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/فوج کے سینئر آفیسر لیفٹیننٹ جنرل منوج کمار نے منگل کے روز واضح کیا کہ پاکستان اگر پہلگام جیسے حملوں کی ناپاک کوشش کرتا ہے تو اس بار ہندستان کی جوابی کارروائی ’آپریشن سندور 2.0‘ پہلے سے کہیں زیادہ مہلک اور تباہ کن ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان میں ہندستان کے ساتھ کھلی جنگ لڑنے کی سکت نہیں ہے، لیکن وہ اپنی پرانی پالیسی پر اب بھی کاربند ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارتی فوج ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل منوج کمار نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا،’جو کارروائی ہم اس بار کریں گے وہ پہلے سے کہیں زیادہ شدید ہوگی۔آپریشن سندور 2.0 یقیناً زیادہ طاقتور اور مؤثر ہوگا۔ اس میں کوئی شک نہیں۔‘انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی فطرت سے باز آنے والا نہیں ہے اور جب تک اس کی سوچ میں بنیادی تبدیلی نہیں آتی، وہ ایسی شرارتوں سے باز نہیں آئے گا۔ان کے مطابق پاکستان میں جنگ لڑنے کی ہمت نہیں۔ وہ براہِ راست مقابلے سے گریز کرتا ہے اور تخریب کاری کے ذریعے بھارت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے۔
جنرل کتیار نے یاد دلایا کہ آپریشن سندور کے دوران بھارتی فوج نے پاکستان کو بھاری نقصان پہنچایا تھا۔ہم نے اُس کے ٹھکانے، چوکیاں اور ہوائی اڈے تباہ کیے، لیکن وہ دوبارہ پہلگام جیسے حملے کی کوشش کر سکتا ہے۔ ہمیں ہر وقت تیار رہنا ہوگا اور ہم تیار ہیں۔انہوں نے سابق فوجیوں سے خطاب کے دوران بھی عوامی تعاون پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان بزدلانہ حربے اپناتا رہے گا، مگر بھارتی فوج اس کے تمام منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمارے سامنے آنے کی جرأت نہیں۔ وہ بزدلانہ وار کرتا ہے۔مگر ہمیں عوام، خصوصاً ریٹائرڈ فوجیوں کا ساتھ چاہیے تاکہ ہم ہر محاذ پر دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔قابلِ ذکر ہے کہ ’آپریشن سندور‘ کے دوران بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے آر پار پاکستان کے متعدد فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد علاقائی سطح پر دہشت گردانہ سرگرمیوں میں نمایاں کمی آئی تھی۔ فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ ’آپریشن سندور 2.0‘ پاکستان مقبوضہ علاقوں میں دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے ڈھانچوں کو نشانہ بنانے کی جامع کارروائی ہوگی۔
آپریشن سندور 2.0 پہلے سے زیادہ تباہ کن ہوگا: لیفٹیننٹ جنرل منوج کمار
