عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پیر کے روز کہا کہ نیشنل کانفرنس اقتدار میں ہو یا اقتدار سے باہر، یہ جماعت ہر وقت عوام کے لیے وقف ہے اور یہی اس کے بانی شیخ محمد عبداللہ کا سچا نظریہ اور سیاسی لائحہ عمل ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت اور عوام کے درمیان قریبی اشتراک اور باہمی اعتماد کے ذریعے ہی جموں و کشمیر میں دیرپا ترقی، خوشحالی اور امن و استحکام قائم کیا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس سرینگر میں مختلف علاقوں سے آئے عوامی وفود، پارٹی عہدیداران اور لیڈران سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت جب بھی برسرِ اقتدار آئی، اس نے عوامی خدمت، شفاف حکمرانی اور عوامی مسائل کے حل کو اپنی ترجیح بنایا۔
انہوں نے کہا، ’کامیاب، منصفانہ اور صاف و شفاف انتخابات کے بعد جب ہماری عوامی حکومت قائم ہوئی تو تمام سرکاری مشینری کو عوامی خدمت پر مامور کیا گیا۔ حکومت اور عوام کے درمیان پیدا ہونے والی دوریوں کو ختم کر کے حکومتی سہولیات کو لوگوں کی دہلیز تک پہنچایا گیا۔‘
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ حکومت کو بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے عوام کے مکمل تعاون، صبر اور شراکت کی ضرورت ہے۔ یہی اجتماعی کوششیں ہیں جو عوام کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو فروغ دینے اور معاشرتی بہبود کے پروگراموں کی کامیاب تکمیل میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔
مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ یہاں کی منتخب عوامی حکومت بغیر کسی رکاوٹ کے عوام کی خدمت انجام دے سکے۔
آخر میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ہر سطح پر عوامی مسائل کو اجاگر کریں اور ان کے حل کے لیے تمام تر اثر و رسوخ استعمال میں لائیں۔ہم عوامی جماعت ہیں اور عوام کی آواز بننا ہی ہمارا اولین فرض ہے.
ریاستی درجہ کی فوری بحالی سے ہی عوامی حکومت موثر طریقے سے کام کرسکتی ہے: ڈاکٹر فاروق عبداللہ
