محمد تسکین
بانہال// تقریباً چار سال کی تعمیر کے بعد، جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ قومی شاہراہ پر بانہال بائی پاس کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔
مرکزی وزیر نتن گڈکری کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے بعد، بائی پاس کو یکطرف ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ اس پیش رفت کے تحت جموں سے سرینگر کی جانب ٹریفک کو بائی پاس کی ایک ٹیوب سے گزرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
پروجیکٹ انچارج کمار جیندرا نے کو بتایا کہ بانہال بائی پاس کی تکمیل عوامی تعاون اور مقامی حمایت کے بغیر ممکن نہ تھی۔
انہوں نے کہا کہ بائی پاس کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد، مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور شاہراہ نتن گڈکری کی اجازت سے ایک ٹیوب پر ٹریفک کی اجازت دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بائی پاس کی لاگت تقریباً 225 کروڑ روپے ہے اور اس کی لمبائی 2.2 کلومیٹر ہے، جو بانہال قصبہ کو مکمل طور پر بائی پاس کرتی ہے۔ یہ منصوبہ بانہال میں کئی سالوں سے جاری ٹریفک جام کے مسائل کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اس موقع پر ایم ایل اے بانہال حاجی سجاد شاہین، پروجیکٹ انچارج کمار جیندرا، پی ایم ایم جی سی پی ایل جسمیت سنگھ، این ایچ اے آئی کے افسران اور انجینئرز، ٹریفک اور پولیس حکام، اور سب ڈویژن بانہال انتظامیہ موجود تھے۔
یہ منصوبہ 224.44 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے، جس میں 1,513 میٹر پر محیط چار وایاڈکٹس اور تین کلورٹس شامل ہیں۔ اس بائی پاس کا مقصد سڑک کنارے بازاروں اور دکانوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے دیرینہ ٹریفک مسائل کو حل کرنا ہے۔
یاد رہے کہ بانہال بائی پاس کا منصوبہ تقریباً 15 سال قبل رامکی کنسٹرکشن کمپنی کو سونپا گیا تھا، لیکن کمپنی کام شروع کرنے میں ناکام رہی اور بعد ازاں اسے این ایچ اے آئی نے بلیک لسٹ کر دیا۔ نئے ٹینڈر کے تحت یہ کام چار سال قبل ایم جی کنسٹرکشن کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کو سونپا گیا، جس نے یہ منصوبہ راشد بیگ کنسٹرکشن کمپنی (RBCC) بانہال کو سب لیٹ کیا۔ تمام مسائل کے باوجود، بالخصوص زمین مالکان کے مسائل، آر بی سی سی نے آخرکار بائی پاس کی تعمیر مکمل کر لی۔