عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ ہندواڑہ کے وودھ پورہ علاقے
میں ہفتہ کے روز ایک کالج بس حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک طالبہ جاں بحق جبکہ 23 دیگر طلباء زخمی ہو گئے۔
حکام نے بتایا کہ کالج کے طلباء کو لے جانے والی بس بے قابو ہو کر الٹ گئی، جس کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا اور پورے علاقے میں صدمے کی لہر دوڑ گئی۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگ اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج ہندواڑہ منتقل کیا گیا۔
دریں اثنا، اسپتال حکام نے تصدیق کی کہ ایک طالبہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، جبکہ دیگر متعدد زخمیوں کا علاج جاری ہے، جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔