عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/کرائم برانچ کشمیر(سی بی کے) کی اقتصادی جرائم ونگ نے ہفتہ کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں کئی مقامات پر تلاشیاں کارروائیاں انجام دیں اور مبینہ طور پر کئی لوگوں کو ہائی ڈینسٹی سیب پودے فراہم کرنے کے بہانے پر دھوکہ دینے کے الزام میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔گرفتار شدہ کی شناخت شاہد رحمان بٹ ولد عبد الرحمان بٹ ساکن شانگس نوگام اننت ناگ کے طور پر کی گئی ہے۔
ونگ کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ اقتصادی جرائم ونگ نے ہفتے کے روز ضلع اننت میں کئی مقامات پر تلاشی کارروائیاں انجام دیں اور شاہد رحمان بٹ ولد عبد الرحمان بٹ ساکن شانگس نوگام اننت ناگ، جو میسرزآے آر ٹریڈنگ ایگری سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کا مالک ہے، کو گرفتار کیا جس پر لوگوں کو کروڑوں روپیے کا دھوکہ دینے کا الزام ہے۔انہوں نے کہا مقدمے کے اندراج کا باعث بننے والے مختصر حقائق یہ ہیں کہ اقتصادی جرائم ونگ (کرائم برانچ کشمیر) کو متعدد تحریری شکایات موصول ہوئیں جن میں یہ الزام لگایا گیا تھا کہ شاہد رحمان بٹ ولد عبدالرحمان بٹ ساکن شانگس، نوگام جو میسرز اے آر ٹریڈنگ ایگری سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کا مالک ہے، نے انہیں ہائی ڈینسٹی سیب پودے فراہم کرنے کے بہانے پر دھوکہ دیا۔
بیان میں کہا گیاشکایت کنندگان نے الزام لگایا کہ ملزم نے ان سے بھاری رقم وصول کرنے کے بعد نہ ہی ہائی ڈینسٹی سیب کے پودے فراہم کئے نہ ہی رقم واپس کی بلکہ وہ روپوش ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ شکایت کنندگان کی جانب سے فراہم کردہ بینک لین دین کے ریکارڈ کی جانچ سے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ ملزم نے ان سے کروڑوں روپیے جھوٹے بہانے پرجمع کیے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ ملزم کی کارروائیاں بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس) 2023 کی دفعہ 318(4) کے تحت قابل سزا جرم کے تحت آتی ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ ملزم نے ضمانت کی درخواست دی تھی، لیکن اس کی درخواست کو 2 اگست کو ایڈیشنل سیشن جج اننت ناگ کی عدالت نے مسترد کر دیا۔
اننت ناگ میں ہائی ڈینسٹی سیب پودے فراہم کرنے کے بہانے پر دھوکہ دینے کے الزام میں ایک شخص گرفتار: سی بی کے
