اننت ناگ// اننت ناگ پولیس نے منشیات کے کاروبار اور اس سے جڑی مالیاتی سرگرمیوں کے خلاف ایک بڑی کاروائی کرتے ہوئے ستکی پورہ کے رہائشی خورشید احمد ڈار ولد عبدالغنی ڈار کے دو منزلہ رہائشی مکان کو ضبط کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق، یہ مکان 1 کنال زمین پر تعمیر کیا گیا ہے اور اس کی مالیت تقریباً 1 کروڑ روپے ہے۔ یہ کاروائی انسداد منشیات قانون (این ڈی پی ایس) کی دفعہ 68-ایف کے تحت عمل میں لائی گئی۔
ایک بیان کے مطابق، مذکورہ مکان کو منشیات کی تجارت سے حاصل ہونے والی آمدنی سے منسلک قرار دیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کے خلاف پولیس سٹیشن سری گفوارہ میں درج ایف آئی آر نمبر 47/2019 کے تحت ایک اہم منشیات کیس میں ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں، جس میں بڑی مقدار میں ممنوعہ اشیاء کی برآمدگی ہوئی تھی۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا، “یہ فیصلہ کن اقدام اننت ناگ پولیس کے منشیات کے خاتمے اور غیر قانونی منشیات کی تجارت کو سہارا دینے والے مالیاتی نظام کو ختم کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کارروائی کا مقصد مجرمانہ سرگرمیوں کو روکنا اور معاشرے کو منشیات کے مضر اثرات سے بچانا ہے”۔
دریں اثنا، پولیس نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ایک منشیات سے پاک معاشرے کے قیام میں ان کا ساتھ دیں اور اس بات کا اعادہ کیا کہ منشیات سے متعلق جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں کی جائیں گی۔
انسداد منشیات مہم: اننت ناگ میں 1 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد قرق
