عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے منگل کو کہا کہ عمر عبداللہ کی زیر قیادت حکومت جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ اور خصوصی حیثیت واپس دلانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سریندر چودھری نےوزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر نتن گڈکری اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا جموں و کشمیر کے لیے 19 اہم سڑکوں اور سرنگوں کے منصوبوں کی منظوری دینے پر شکریہ ادا کیا۔ یہ منصوبے 10,637 کروڑ روپے کی لاگت سے منظور کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے مرکز کی طرف سے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی مسلسل کوششوں کے بعد منظور کیے گئے ہیں۔ ’’ہماری 8 ماہ کی حکومت کے دوران وزیر اعلیٰ نے کئی بار دہلی کا دورہ کیا اور ان اہم منصوبوں کی منظوری کو ممکن بنایا۔ وہ اُن وزرائے اعلیٰ میں سے نہیں جو دہلی جا کر جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کو گھٹانے کی بات کرتے تھے۔ ان منصوبوں کی منظوری وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی محنت اور لوگوں کے تئیں خلوص وسنجیدگی کو ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ریاستی درجہ اور جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں ان میں سے کوئی بھی اپنی طاقت پر کامیاب نہیں ہوا۔ ’’بی جے پی کے تمام ایم ایل ایز سمیت اپوزیشن لیڈر کا نارکو ٹیسٹ ہونا چاہیے تاکہ ان کے بیانات کی سچائی کا پتہ چل سکے۔
سرحدی علاقوں میں بنکروں کے مطالبے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی منظوری مرکز سے آنی ہے۔ ’’ہمیں امید ہے کہ جلد ہی اس کی منظوری دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’آپریشن سندور‘ کے دوران جموں اور سرینگر بھی متاثر ہوئے، اس لیے بنکروں کی ضرورت صرف سرحدی علاقوں تک محدود نہیں ہے۔
عمر حکومت ریاستی درجہ اور خصوصی حیثیت کی بحالی کیلئے کوشاں: نائب وزیر اعلیٰ
