سرینگر// جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سورندر کمار چوہدری نے اتوار کو کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت نے جو وعدے کیے ہیں، انہیں مرحلہ وار پورا کیا جائے گا۔
انہوں نے عبداللہ خاندان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس خاندان نے جموں و کشمیر میں آئین کو مضبوط بنایا ہے۔
یوم جمہوریہ کے موقع پر بخشی سٹیڈیم، سرینگر میں اپنے خطاب میں نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جو بھی وعدے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت نے کیے ہیں، وہ ایک ایک کرکے پورے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر رہنماؤں نے جو وعدے ریاستی حیثیت کی بحالی اور جموں و کشمیر کے عوام کے لیے زمینوں اور نوکریوں کے تحفظ کے حوالے سے کیے ہیں، انہیں اب پورا کیا جانا چاہیے۔
شیخ محمد عبداللہ کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ اپنے والد فاروق عبداللہ اور دادا شیخ عبداللہ کے راستے پر چل کر جموں و کشمیر کو ترقی کی راہوں پر لے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، “حالیہ انتخابات میں لوگوں نے ہمیں اعتماد دیا اور ہم نے جو وعدے کیے ہیں، ان کو پورا کرنے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ عوامی فوائد جیسے راشن کا کوٹہ بڑھانا، روزگار کے مواقع اور دیگر مسائل جلد حل کیے جائیں گے کیونکہ منتخب حکومت اس حوالے سے 24 گھنٹے کام کر رہی ہے”۔
کشمیری پنڈتوں کی واپسی کے بارے میں نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پورے جموں و کشمیر کے عوام کو اس کمیونٹی کے جلاوطنی پر دکھ ہے، لیکن حکومت ان کی واپسی کے لیے سخت محنت کر رہی ہے۔ “ہم اس پر کام کر رہے ہیں اور ہماری مسلسل کوششوں کے نتیجے میں یہ مسئلہ جلد حل ہوگا”۔
منشیات کی لعنت کو معاشرتی سطح پر بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس برائی کا خاتمہ مشترکہ کوششوں سے ممکن ہے۔ “حکومت اس کا خاتمہ کرنے کے لیے سخت اقدامات کر رہی ہے، لیکن نوجوانوں کی اس میں ملوث ہونے سے یہ صورتحال اور بدتر ہو رہی ہے۔ ہمیں اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے مل کر کوشش کرنی ہوگی تاکہ اس برائی کا خاتمہ ہو سکے جو ہماری نسل کے مستقبل کو متاثر کر رہی ہے”۔
آخر میں نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ وہ بھارت کو مزید خوبصورت بنائیں گے اور جموں و کشمیر کو ہر لحاظ سے آزاد کریں گے۔
یوم جمہوریہ کی اس تقریب میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، ایم ایل اے لال چوک احسان پردیسی، نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی دار اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
عمر عبداللہ حکومت وعدوں کی تکمیل کیلئے یکے بعد دیگرے کام کر رہی ہے: نائب وزیر اعلیٰ ریاستی درجہ کی بحالی کا مطالبہ، زمینوں اور نوکریوں کے تحفظ کے وعدے پورے ہونے چاہیے
