سرینگر// پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے پیر کو وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے مرکز کی طرف سے جموں و کشمیر کے خصوصی درجے کی منسوخی کے فیصلے کو معمول پر لانے کے لیے “سب کچھ” کیا۔
محبوبہ مفتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ عبداللہ کا رویہ ان کے والد، مرحوم مفتی محمد سعید، جو سابق وزیر اعلیٰ بھی رہ چکے ہیں، سے بالکل مختلف رہا ہے۔
انہوں نے کہا، “ایک قلیل النظر سیاستدان اور ایک سچے مدبر رہنما کے درمیان فرق واضح ہے۔ 2003 میں بی جے پی کے وزیر اعظم واجپائی نے سرینگر کے دورے کے دوران امن کے ساتھ مفتی صاحب کے وژن پر بھرپور اعتماد ظاہر کیا، حالانکہ پی ڈی پی کے پاس صرف 16 ایم ایل ایز تھے۔
انہوں نے مزید کہا، “آج ہمارے وزیر اعلیٰ کے پاس 50 ایم ایل ایز ہونے کے باوجود انہوں نے دہلی کے یکطرفہ اقدامات کو معمول پر لانے اور اگست 2019 کے ان واقعات کو خوش آمدید کہنے کے لیے سب کچھ کیا، جنہوں نے جموں و کشمیر کو تقسیم کیا اور اس کی خصوصی حیثیت کو چھین لیا”۔
عمر عبداللہ دفعہ 370 کی منسوخی کو معمول پر لانے کی کوششوں میں مصروف: محبوبہ مفتی
