عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے تولہ مولہ میں واقع مشہور کھیر بھوانی مندر میں حاضری دی اور وہاں میلہ کھیر بھوانی کے سلسلے میں کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے مندر میں دعائوں میں شرکت بھی کی اور ملک و جموں و کشمیر کی خوشی و خوشحالی کے لئے دعا بھی کی۔
وزیر اعلیٰ نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہاکھیر بھوانی میلے کے سلسلے میں کی جا رہی تیاریوں کا بچشم خود جائزہ لینے کے لیے گاندربل میں ماتا کھیر بھوانی مندر کا دورہ کیا۔انہوں نے کہاعقیدت مندوں کے لیے ہموار، محفوظ اور خوش آئند ماحول کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
قابل ذکر ہے کہ تولہ مولہ میں واقع کھیربھوانی کشمیری پنڈتوں کی ایک مقدس جگہ ہے جہاں پر رگنیادیوی جو اِن کی ایک مقدس دیوی ہیں، کا مندر ہے۔ کشمیری پنڈتوں کے مطابق رگنیا دیوی صرف کشمیر میں پوجی جاتی ہیں۔ اس مندر میں کشمیری پنڈت ’میلہ کھیر بھوانی‘ کے نام سے مشہور تہوار ہر سال مناتے ہیں۔میلہ کھیر بھوانی کو کشمیری پنڈتوں کا سب سے بڑا اور اہم تہوار مانا جاتا ہے۔