عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/گذشتہ ماہ کے دہشت گردانہ حملے کے بعد سیاحوں میں اعتماد بحال کرنے کے مقصد سے ایک علامتی اقدام میں، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ منگل کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کابینہ کی ایک خصوصی میٹنگ کی صدارت کریں گے۔وزیر اعلیٰ بدھ کے روز شمالی کشمیر میں واقع اور ایک اور شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں بھی وزراء، انتظامی سیکرٹریوں، کشمیر کے صوبائی کمشنر، محکموں کے سربراہان اور سینئر پولیس افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کریں گے۔
سرکاری عہدیداروں کے مطابق سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں ہونے والی میٹنگوں کا مقصد حفاظت اور معمول کے حالات کا مضبوط پیغام عام کرنا اور وادی میں سیاحت کے احیاء کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔گذشتہ سال حکومت کے قیام کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب عمر کی قیادت میں کابینہ کی میٹنگ جڑواں دارالحکومتوں سری نگر اور جموں کے باہر منعقد ہو رہی ہے۔ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے بتایا: ‘میٹنگ کا مقصد پہلگام میں مقامی لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا اور سیاحوں کو یقین دلانا ہے کہ کشمیر ایک محفوظ مقام ہے۔
پہلگام کی بیسرن وادی میں 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد وادی میں سیاحوں کی آمد میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جس سے سیاحت کے شعبے پر انتہائی خراب اثرات مرتب ہوئے ہیں۔تاہم یہ پہلا موقع نہیں ہے جب عمر عبداللہ نے ایسا قدم اٹھایا ہو انہوں نے سال 2009 سے 2014 تک وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنے سابقہ دور حکومت کے دوران کشمیر اور جموں دونوں خطوں میں لائن آف کنٹرول کے قریب کابینہ کی میٹنگیں بلائی تھیں، جن میں دور دراز اور سرحدی علاقوں میں ترقیاتی مسائل پر توجہ دی گئی تھی۔
انہوں نے پیر کے روز سری نگر میں کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے ایک وفد سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے مقامی سیاحتی صنعت کو بحال کرنے کے لیے ہدفی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جن میں ریاست کے اندر سیاحت کو فروغ دینا اور جموں و کشمیر کے اندر ایکسکرشن کے لیے اسکولوں اور کالجوں کی حوصلہ افزائی کرنا شامل ہے۔عمر نے مزید کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم اور پارلیمانی امور کے محکمے سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر میں پارلیمنٹ کی اسٹینڈنگ اور مشاورتی کمیٹی کے اجلاس منعقد کریں تاکہ اعتماد پیدا ہو سکے۔
سیاحوں میں احساس تحفظ پیدا کرنے کے لئے عمر عبداللہ پہلگام میں کابینی میٹنگ کی صدرات کریں گے
