سری نگر/ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کو جموں و کشمیر میں مسلسل بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایڈوائزریز پر عمل کریں اور خطرناک جگہوں کے نزدیک جانے سے گریز کریں اور محفوظ رہیں۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ‘ایکس’ ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا گیا: ‘ وزیر اعلیٰ نے آج صبح ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں مسلسل بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا’۔
پوسٹ میں کہا گیا کہ انہوں نے انتظامیہ کو زمینی ردعمل کو تیز کرنے، جن علاقوں میں پانی جمع ہوا ہے وہاں پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے، ضروری خدمات کے تحفظ کو یقینی بنانے، نازک علاقوں میں بروقت انخلاء کرنے اور فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ وزراء جاوید رانا اور ستیش شرما نے جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی، جب کہ وزیر سکینہ یتو اور وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے کشمیر کی صورتحال پر تازہ ترین معلومات فراہم کیں۔
وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایڈوائزریز پر عمل کریں اور خطرناک جگہوں کے نزدیک جانے سے گریز کریں اور محفوظ رہیں۔
واضح رہے کہ جموں وکشمیر میں گذشتہ 12 گھنٹوں سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔
یو این آئی ایم اف