سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی حکومت کی جانب سے سماج کے مختلف شعبوں کو درپیش چیلنجز حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
رابطہ دفتر میں منعقدہ عوامی رسائی پروگرام کے دوران کشمیر کے مختلف علاقوں سے آئے وفود اور افراد نے وزیر اعلیٰ کو اپنے مسائل اور مطالبات پیش کیے۔
وزیر اعلیٰ نے تعلیم، دستکاری، مزدور اور صحت کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے مختلف نمائندوں سے بات چیت کی، جنہوں نے فوری توجہ کے متقاضی مسائل اٹھائے۔
وفود میں شامل جموں و کشمیر کالج ٹیچرز ایسوسی ایشن نے کالج اساتذہ کی ریٹائرمنٹ عمر میں اضافے کا مطالبہ کیا۔
کشمیری شال میکرز ویلفیئر فاؤنڈیشن کے وفد نے روایتی شال سازی کے شعبے کو درپیش مشکلات اجاگر کرتے ہوئے حکومت سے اپنے روزگار کے تحفظ کے لیے مدد کی اپیل کی۔
ہاٹ مکس پلانٹ مالکان کے پانچ رکنی وفد نے وزیر اعلیٰ کو اپنی صنعت کے مسائل سے آگاہ کیا اور بروقت حکومتی مداخلت کی درخواست کی۔
جموں و کشمیر کیجول لیبررز یونائیٹڈ فرنٹ کے ریاستی صدر نے وزیر اعلیٰ کے سامنے کیجول لیبررز کی فلاح و بہبود کے مسائل پیش کیے، جبکہ فزیو تھراپسٹس کے وفد نے اپنے شعبے کے مسائل پر روشنی ڈالی۔
ہیلتھ ورکرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے صحت کے شعبے سے متعلقہ پیشہ ور افراد کے مسائل پر وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔
ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی (ایجیک) کے وفد نے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے جامع اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
ساوبھاگیہ سکیم کے تحت منصوبوں کی تکمیل میں حائل مشکلات کو دور کرنے کے لیے گاندربل اور جنوبی کشمیر کے ساوبھاگیہ کنٹریکٹرز کے وفد نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔
عوامی رسائی پروگرام میں کئی افراد نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرتے ہوئے مختلف مسائل اور بہتری کے لیے تجاویز پیش کیں۔
لال چوک کے تاجر وفد نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور شہر کے بازاروں، خاص طور پر لال چوک، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، پولو ویو، ریگل چوک، مائسمہ اور کورٹ روڈ کے تاجروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے کاروبار کی ترقی، خریداروں کی آمد میں اضافے اور دیگر مطالبات پر مبنی ایک یادداشت بھی پیش کی۔
وزیر اعلیٰ نے تمام وفود اور افراد کو یقین دلایا کہ ان کے حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی عوامی وفود سے ملاقات، مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی
