جموں// جموں میں نئے ریلوے ڈویژن کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں کو کشمیر کے ساتھ براہ راست ریل لنک سے اقتصادی نقصان نہیں ہوگا، بلکہ یہ خطے میں روزگار، تجارت اور سیاحت کے فروغ کے مواقع فراہم کرے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا، “یہ جموں و کشمیر کے لئے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ جموں کے عوام کا طویل مطالبہ آج پورا ہو گیا ہے”۔
عمر عبداللہ نے شہریوں کو یقین دلایا کہ نیا ریل لنک جموں کی معیشت کو مضبوط کرے گا۔
انہوں نے کہا، “ہم توقع کرتے ہیں کہ اس سے تجارت اور سیاحت میں اضافہ ہوگا اور ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ جموں اس ترقی کے فوائد حاصل کرے”۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ نئے ریلوے ڈویژن کے قیام سے مقامی سطح پر بھرتیوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ “جموں میں کنٹرول اور کوآرڈینیشن ہونے کے باعث مقامی بھرتیوں کو ترجیح دی جائے گی، جس سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا اور مقامی معیشت مضبوط ہوگی”۔
تقریب میں سرینگر-کٹرہ ریلوے لائن کے جڑنے کو بھی نمایاں کیا گیا، جو خطے میں سفر کے انقلاب کا باعث بنے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس رابطے سے سردیوں میں پروازوں کی بندش اور مہنگے کرایوں جیسے دیرینہ مسائل حل ہوں گے۔
تقریب میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، قائد حزب اختلاف سنیل شرما اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس ڈویژن کا ورچوئل افتتاح کیا۔
جموں کو کشمیر ریل لنک سے نقصان نہیں، فوائد حاصل ہوں گے: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ
