عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے بتایا کہ 1,727,241 کنال غیر قانونی قابض شدہ اراضی میں سے 1,539,662 کنال کو بازیاب کر لیا گیا ہے۔
اسمبلی رکن راجیو جسروٹیہ کے سوال کے جواب میں متعلقہ وزیر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں قابضین کے غیر قانونی قبضے میں موجود کل سرکاری اراضی 1,727,241 کنال اور 8 مرلے تھی، جس میں سے 1,539,662 کنال اور 15.5 مرلے پہلے ہی واپس لے لیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 3,13,645 کنال اور 12 مرلے اب بھی قابضین کے قبضے میں ہیں، تاہم، متعلقہ قوانین کے تحت بے دخلی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جو اراضی اب بھی غیر قانونی قبضے میں ہے، اس کی تخمینی مالیت 18,049.6 کروڑ روپے ہے۔
محکمہ مال نے کسی بھی نجی فرد کو صنعتی اسٹیٹ کے قیام کے لیے سرکاری زمین منتقل نہیں کی، تاہم، صنعت و تجارت کے محکمے کی جانب سے دی گئی درخواستوں کی بنیاد پر، گزشتہ دو سالوں میں مختلف اضلاع میں 12,260 کنال 03 مرلے کی اراضی صنعت و تجارت کے محکمے کو منتقل کی گئی ہے،” انہوں نے کہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں پردھان منتری آواس یوجنا (گ) کے مستحقین کو 129 کنال سرکاری اراضی لیز پر دی گئی ہے۔