عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی) کی بم ڈسپوزل ٹیم اتوار کو نوگام میں اُس دھماکے کی جگہ پہنچی، جہاں جمعہ کی شب پولیس اسٹیشن کے اندر فریدآباد میں ضبط کیے گئے بارودی مواد کے اچانک پھٹنے سے 9 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوئے تھے۔ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ بم اسکواڈ نے حادثاتی دھماکے کی اصل وجہ جاننے کے لیے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے موقع سے نمونے جمع کیے اور وہاں موجود متعلقہ اہلکاروں سے بھی معلومات حاصل کیں تاکہ تحقیقات کو آگے بڑھایا جا سکے۔
واضح رہے کہ دھماکے میں اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) کے ایک افسر، ایک نائب تحصیلدار اور ایک درزی سمیت 9 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، جبکہ 32 افراد زخمی ہوئے۔
جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس نلِن پربھت نے دھماکے میں کسی بھی دہشت گردانہ پہلو کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے دیگر قیاس آرائیاں غیر ضروری ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سہنا نے بھی واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے متاثرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
نوگام دھماکہ: این ایس جی کا جائے وقوعہ کا معائنہ