اشرف چراغ
کپواڑہ // ہندواڑہ پولیس نے منشیات کی سمگلنگ کے خلاف ایک اہم کارروائی کے دوران 10.5 لاکھ روپے مالیت کی ہنڈائی وینیو گاڑی (زیر رجسٹریشن نمبر JK01AT-4651) ضبط کر لی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ گاڑی مبینہ طور پر غیر قانونی منشیات کی سمگلنگ سے حاصل شدہ رقم سے خریدی گئی تھی۔ گاڑی مالک کی شناخت بدنام زمانہ منشیات فروش جاوید احمد صوفی ولد عبد الرزاق صوفی ساکن کھنہ بل ہندواڑہ کے طور پر ہوئی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ یہ کاروائی این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68(ایف)(1) کے تحت عمل میں لائی گئی اور یہ مختلف منشیات سے متعلق مقدمات سے جڑی ہوئی ہے۔ منشیات فروش کے خلاف پولیس تھانہ ہندواڑہ میں تین ایف آئی آر زیر نمبر 193/2024 اور 266/2022، اور101/2018 درج ہیں۔ یہ تمام مقدمات این ڈی پی ایس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ مذکورہ گاڑی غیر قانونی طور پر منشیات اور سائیکو ٹراپک مادوں کی سمگلنگ سے حاصل ہونے والی رقم کے ذریعے خریدی گئی تھی۔ پولیس نے اس کارروائی کو خطے سے منشیات کی لعنت ختم کرنے کی اپنی جاری مہم کا حصہ قرار دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاشرے کو منشیات سے پاک بنانے اور نوجوان نسل کو اس خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔