عظمیٰ ویب ڈیسک
اودھم پور// ضلع پولیس اودھم پور نے بدھ کو ایک بدنام زمانہ مجرم کو پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے احکامات ملنے کے حراست میں لیا گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ ملزم اشرف علی عرف شفو ولد جلیل احمد سکنہ رام نگر اپنے علاقے میں کئی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا جس کی وجہ سے اس کے خلاف پولیس تھانہ رام نگر اور پولیس تھانہ اودھم پور میں متعدد مقدمات درج کیے گئے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم بدنام زمانہ مجرم تھا اور گائے کی سمگلنگ، چوری اور بوٹ لیگنگ کے متعدد مجرمانہ فعل میں مسلسل ملوث تھا۔ وہ پرامن ماحول کے لیے خطرہ بن گیا تھا اور عوامی امن و سکون کے لیے بھی بڑا خطرہ بن گیا تھا، جس کی وجہ سے اسے پبلک سیفٹی ایکٹ، 1978 کے تحت حراست میں لے لیا گیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) اودھم پور کی ہدایت پر پی ایس اے کے لیے اس کا ڈوزئیر تیار کیا گیا اور ضروری حراستی احکامات کے لیے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو بھیجا گیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ مجسٹریٹ سے ضروری احکامات ملنے کے بعد اشرف علی کو پولیس تھانہ رام نگر اور ایس ڈی پی او رام نگر کی ٹیم نے ایڈیشنل ایس پی اودھم پور کی نگرانی میں گرفتار کر لیا اور سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔