عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/الیکشن کمیشن نے جمعرات کو نائب صدر کے عہدے کے لیے 9 ستمبر کو ہونے والے انتخاب کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن انتخاب کا شیڈول پہلے ہی جاری کر چکا ہے، اس کے تحت کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 21 اگست مقرر کی گئی ہے، جب کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 22 اگست کو کی جائے گی اور 25 اگست تک نام واپس لیے جاسکیں گے۔ضرورت پڑنے پر 9 ستمبر کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک ووٹنگ ہوگی اور اسی دن ووٹوں کی گنتی بھی کرائی جائے گی۔
اس انتخاب کے لیے راجیہ سبھا کےجنرل سکریٹری پی سی مودی کو انتخابی افسر مقرر کیا گیا ہے، راجیہ سبھا سکریٹریٹ میں جوائنٹ سکریٹری گریما جین اور ڈائریکٹر وجے کمار کو اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔کمیشن نے کہا ہے کہ اس انتخابی عمل سے متعلق کسی بھی قسم کی انکوائری راجیہ سبھا کےجنرل سکریٹری کےدفتر (کمرہ نمبر راجیہ سبھا 08، گراؤنڈ فلور، پارلیمنٹ ہاؤس) میں پیر سے ہفتہ (سوائے عام تعطیل چھوڑ کر)دوپہر ساڑھے تین بجےسےسہ پہر ساڑھے چار بجے کے درمیان کی جا سکتی ہے۔
کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے لیے امیدوار کو 15ہزار روپے کی فیس جمع کرانی ہوگی، ےیہ فیس کاغذات نامزدگی کے ساتھ ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کرائی جا سکتی ہے یا اس سے پہلے ریزرو بینک آف انڈیا یا سرکاری خزانے میں جمع کرائی جا سکتی ہے اور اس کی رسید حاصل کی جا سکتی ہے۔کاغذات نامزدگی کام کاج کے دنوں میں صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک پارلیمنٹ ہاؤس کے کمرہ نمبر آر ایس-28 میں جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
نائب صدر کے انتخاب کے لیے نوٹیفکیشن جاری
