عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو راہول گاندھی کے دفاع میں کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔
عمر عبداللہ نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ چندر سارنگی کے ایک ویڈیو بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا، “میں راہول کو جانتا ہوں، وہ کسی کو دھکا دینے کا سوچ بھی نہیں سکتے، خاص طور پر کسی رکن پارلیمنٹ کو۔ ان کی فطرت میں بدتمیزی یا کسی کے ساتھ برا رویہ اختیار کرنا شامل نہیں”۔
سارنگی نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ سیڑھیوں پر کھڑے تھے جب ایک اور رکن پارلیمنٹ ان پر گرا، جس کے نتیجے میں ان کے سر پر چوٹ آئی۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ راہول گاندھی کی جانب سے دھکا دینے کی وجہ سے پیش آیا۔
دوسری جانب، راہول گاندھی نے اس الزام کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود پارلیمنٹ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے جب بی جے پی کے احتجاجی ارکان نے انہیں دھکا دیا اور دھمکیاں دیں۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے کو بھی دھکے دیے گئے۔
ادھر، زخمی ہونے والے دونوں ارکان پارلیمنٹ، چندر سارنگی اور مکیش راجپوت، کو رام منوہر لوہیا ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔