عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر /ادھم پور میں مقیم فوج کے شمالی کمان کے کمانڈر نے وادی کا دورہ کرکے سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا ایک جامع جائزہ لیا۔اس موقعہ پر انہوں نے قومی سلامتی کے تئیں فوج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تمام فارمیشنوں کو چوکس اور تیار رہنے کی تاکید کی اور اس بات پر زور دیا کہ وادی میں امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
شمالی کمان کے آرمی کمانڈر لیفٹنٹ جنرل پراتیک شرما نے وادی کشمیر میں سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا ایک جامع جائزہ لیا۔لیفٹنٹ جنرل شرما نے مشکل حالات میں کامیاب کارروائیوں کو انجام دینے میں فوجیوں کی مثالی ہمت اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ انہوں نے جارحانہ انداز کو برقرار رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور فعال اور پیشگی اقدامات کے ذریعے جسمانی اور علمی دونوں جگہوں پر غلبہ حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ دورہ جموں و کشمیر میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ خطے میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس پر مسلسل دباؤ کو برقرار رکھنے کے بھارتی فوج کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔فوج نے ایک ایکس پوسٹ میں لکھا ’’ شمالی کمان نے وادی میں سیکورٹی اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔
اس نے آپریشنز کے کامیاب عمل کے دوران جارحانہ جذبے اور غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے پر بہادر فوجیوں کی تعریف کی اور فعال اقدامات کے ذریعے علمی اور جسمانی دونوں شعبوں میں غلبہ حاصل کرنے پر زور دیا‘‘۔