عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ پولیس کا کہنا ہے کہ علیحدگی پسند اور ملی ٹینسی نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے بدھ کے روز شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں جماعت اسلامی سے وابستہ افراد کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران پولیس نے قابل اعتراض مواد بر آمد کرکے اس کو ضبط کیا جو کالعدم تنظیم سے متعلق بتایا جا رہا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ سوپور پولیس نے بدھ کو سوپور کےزلوڑہ علاقے میں جماعت اسلامی سے وابستہ افراد کے گھروں پر چھاپے مارے اور اس دوران قابل اعتراض مواد کو بر آمد کرکے ضبط کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے محمد مقبول بٹ ولد عبد الرحیم بٹ اور تنویر احمد ڈار ولد عبدالجبار ڈار کے گھروں کی تلاشی لی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں یو اے پی اے کے تحت درج ایک ایف آئی آر کے سلسلے میں عمل میں لائی گئیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ تلاشی کے لئے مجاز عدالت سے قانونی وارنٹ حاصل کئے گئے تھے اور تمام کارروائیاں مجسٹریٹوں اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں انجام دی گئیں تاکہ شفافیت اور قانونی تقاضے پورے کئے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ دوران تلاشی ایسا مواد بر آمد ہوا ہے جس کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور اس کی بنیاد پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق یہ چھاپے سوپور پولیس کی ان مسلسل کوششوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد علیحدگی پسند اور ملی ٹینسی نیٹ ورکس کو ختم کرنا اور انتہا پسند نظریات کے پھیلائو کو روکنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی خود مختاری اور عوامی امن کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
سوپور میں جماعت اسلامی سے وابستہ افراد کے گھروں پر چھاپے، قابل اعتراض مواد بر آمد: پولیس
