عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ جنوبی ضلع پلوامہ کے پامپور کے پتل باغ علاقے میں پیر کے روز ایک غیر مقامی مزدور دریائے جہلم میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 45 سالہ نامی سہانی ولد سرجو سہانی ساکن بہار کے طور پر ہوئی ہے، جو علاقے میں ریت نکالنے کا کام کر رہا تھا۔
واقعے کے فوراً بعد، ایس ایچ او پامپور کی قیادت میں پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
عہدیدار کے مطابق، لاش کو دریائے جہلم سے نکال کر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال پامپور منتقل کیا گیا ہے، جہاں قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔