گاندربل// وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے گگن گیر علاقے میں ہفتہ کی صبح ایک غیر مقامی مزدور پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ پی ڈی اے ایپکو کمپنی گگن گیر گاندربل میں کام کر رہا ایک مزدور پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا، جس کے بعد پولیس کو اس کی اطلاع دی گئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ لاش کی شناخت سدھاکر پرساد (عمر52) ولد بیجناتھ رام ساکن کمہیا بلیا اترپردیش کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ لاش کو طبی و قانونی کارروائیوں کے لیے ایس ڈی ایچ کنگن لایا گیا ہے۔
دریں اثناءپولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔