عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے اس بات کی تردید کی ہے کہ میر بہری ڈل، خوشال سر، گل سر اور نگین جھیلوں کے آس پاس رہنے والے باشندوں کو رہائشی مکانات کی تعمیر میں سخت پابندیوں یا بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا ہے۔
رکن اسمبلی تنویر صادق کے ایک سوال کے تحریری جواب میں ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نےکہا ہے کہ ان علاقوں میں تمام تعمیراتی اجازتیں سرینگر ماسٹر پلان 2035اور عدالت کے احکامات کے تحت دی جاتی ہیں۔
تاہم حکومت نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ وہ آئین ہند کے آرٹیکل 21 کے تحت فراہم کردہ حقِ زندگی سے بخوبی واقف ہے، جو عالمی سطح پر انسانی حقوق کے عالمی اعلامیےکے تحت بھی تسلیم شدہ ہے، اور سپریم کورٹ کے متعلقہ فیصلوں میں بھی اس پر زور دیا گیا ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان علاقوں میں رہائشیوں کو ماحول دوست (ایکو فرینڈلی) مکانات تعمیر کرنے کی اجازت دی جائے گی، تو محکمہ نے واضح کیا کہ تمام تعمیراتی اجازت نامے سرینگر ماسٹر پلان 2035اور ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق ہی دیے جاتے ہیں۔