عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ مرکزی حکومت نے واضح طور پر کہا ہے کہ پاکستانی میڈیکل ڈگری رکھنے والے بھارتی شہریوں اور اوورسیز سٹیزنز آف انڈیا (OCIs) کو بھارت میں ملازمت یا اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی اجازت نہ دینے کے فیصلے پر نظرثانی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان آغا سید روح اللہ مہدی کے لوک سبھا میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں، وزارت صحت و خاندانی بہبود نے کہا کہ نیشنل میڈیکل کمیشن (NMC) کی جانب سے 28 اپریل 2022 کو جاری کی گئی عوامی ہدایت اب بھی نافذ العمل ہے۔
تاہم، وزارت کے مطابق، وہ امیدوار جنہوں نے دسمبر 2018 سے پہلے پاکستانی میڈیکل کالجوں میں داخلہ لیا تھا یا جنہیں وزارت داخلہ (MHA) کی جانب سے سکیورٹی کلیئرنس حاصل ہے، انہیں بھارت میں فارن میڈیکل گریجویٹ ایگزامینیشن (FMGE) میں بیٹھنے یا ملازمت حاصل کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ وہ تارکین وطن اور ان کی اولاد، جنہوں نے بھارتی شہریت حاصل کر لی ہے اور پاکستان سے میڈیکل ڈگری حاصل کی ہے، اگر انہیں سکیورٹی کلیئرنس حاصل ہے تو انہیں استثنا دیا گیا ہے۔