عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے منگل کو قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیا کہ یونین ٹیریٹری میں بے روزگار نوجوانوں کو وظیفہ دینے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ایم ایل اے سانبہ دیویندر کمار منیال کے سوال کے تحریری جواب میں، وزیر برائے محنت و روزگار سریندر چودھری نے ایوان کو بتایا کہ بے روزگار نوجوانوں کو وظیفہ دینے کا فی الحال کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
وزیر نے مزید انکشاف کیا کہ 370811بے روزگار نوجوان حکومت کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔ ان میں2,13,007نوجوان وادی کشمیر میں اور1,57,804جموں میں رجسٹرڈ ہیں۔
بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر نے کہا کہ تمام محکمے اپنی خالی اسامیاں ضروری ضابطوں کی تکمیل کے بعد جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن اور سروسز سلیکشن بورڈکو بھیجتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، روزگار محکمہ باقاعدگی سے کیریئر کاؤنسلنگ کا انعقاد کر رہا ہے، جس سے بے روزگار نوجوان مختلف شعبوں میں اپنے کیریئر کے مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔