عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے درمیان، انتظامیہ موسم کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور امکان ہے کہ موسم گرما کی تعطیلات میں توسیع سے متعلق کوئی بھی حتمی فیصلہ پیر کو موسم کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد لیا جائے گا۔
ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدارنے بتایا کہ ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے، تاہم محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج رات، کل اور پرسوں بارش ہونے کے قوی امکانات ہیں، جو کہ درجہ حرارت میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔
عہدیدارنے کہاجہاں تک موسم کی پیش گوئی کا تعلق ہے، ہمارے پاس رپورٹیں ہیں جن میں آج رات، کل اور پرسوں بارش کے بہت زیادہ امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ یہ ایک مثبت اشارہ ہے۔انہوں نے مزید کہا،ہم صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ تعطیلات میں کسی بھی ممکنہ توسیع کے حوالے سے حتمی فیصلہ کل موسم کی اصل صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔فی الحال کشمیر صوبہ کے سرکاری و نجی اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات پیر، 7 جولائی کو ختم ہو رہی ہیں، اور اسکول منگل، 8 جولائی کو دوبارہ کھلنے والے ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب طلباء، والدین اور اساتذہ کی جانب سے چھٹیوں میں توسیع کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے، کیونکہ شدید گرمی اور رات کے وقت بھی زیادہ درجہ حرارت نے مشکلات پیدا کی ہیں۔ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن آف جموں و کشمیر (PSAJK) پہلے ہی تعطیلات میں مزید توسیع کے بجائے اسکول کے اوقات کارمیں تبدیلی کی تجویز پیش کر چکی ہے۔
دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے 6 سے 8 جولائی تک جموں و کشمیر کے کئی علاقوں میں درمیانی سے شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جو کہ موجودہ گرمی کی لہر سے کچھ راحت کا باعث بن سکتی ہے۔
تعطیلات میں توسیع کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں، موسمی صورتحال پر گہری نظر ، حتمی فیصلہ کل ہوگا: حکام
