میونسپل کمیٹی بانہال:عدم اعتماد کی تحریک کامیاب، صدر اور نائب صدر عہدوں سے فارغ

File Photo

محمد تسکین

بانہال// گزشتہ سال سے میونسپل کمیٹی بانہال کے صدر اور نائب صدر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک عدلیہ سے ہوتے ہوئے اب اپنی منزل کو آ پہنچی ہے اور ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کمیٹی بانہال نے ہفتے کے روز جاری ایک حکم کے بعد صدر اور نائب صدر کو اپنے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
میونسپل کمیٹی بانہال کے ایگزیکٹو آفیسر نے 13 آگست کو جاری ایک حکم میں کہا ہے کہ 04 جولائی کے روز جموں وکشمیر کی عدالتِ عالیہ کے احکامات ،13 اگست کے روز ڈپٹی کمشنر رام بن کے ایک خط کی روشنی میں ،جموں و کشمیر میونسپل ایکٹ 2000 کے تحت صدر اور نائب صدر میونسپل کمیٹی بانہال کو اپنے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال میونسپل کونسل بانہال کے 7 میں سے پانچ کونسلروں نے میونسپل صدر فاروق احمد وانی اور نائب صدر اشوک کمار کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی تھی جسے میونسپل کمیٹی صدر بانہال نے عدلیہ میں چیلنج کیا تھا اور گزشتہ ماہ عدلیہ نے میونسپل صدر کے معاملے کو ختم کرکے حکام کو میونسپل ایکٹ کے مطابق کاروائی کی ہدایت جاری کی تھی۔
یاد رہے کہ میونسپل کونسل بانہال کی مدت آئند چودہ ماہ میں ختم ہونے والی ہے۔
میونسپل کمیٹی صدر کو اپنے عہدے سے ہٹانے کے بعد اب ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس پیر کے روز یوم آزادی کی تقریب کے موقع پر میونسپل کمیٹی بانہال میں ترنگا لہرائیں گے۔