عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سینئر کانگریس رہنما اور بانڈی پورہ کے رکنِ اسمبلی نظام الدین بٹ نے جمعرات کو ولر ویو پوائنٹ کی مسلسل بندش پر سوال اٹھایا ہے۔ بٹ کا کہنا تھا کہ یہ ایک دلکش اور مقبول سیاحتی مقام ہے جو سوپور-بانڈی پورہ سڑک پر واقع ہے۔ اس بندش کو غیر ضروری اور مقامی لوگوں کی روزی روٹی کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو ٹیگ کرتے ہوئے بٹ نے کہا کہ علاقے میں کسی بھی قسم کے سیکورٹی خدشات موجود نہیں ہیں جو اس بندش کا جواز بن سکیں۔ اس کے باوجود حکام نے اس مقام کو سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لیے مہینوں سے بند رکھا ہوا ہے۔
انہوں نے سماجی رابطہ گا ’ایکس‘ لکھا ’’ولر ویو پوائنٹ جیسے اہم سیاحتی مقام کو سیاحوں اور پکنک منانے والوں کے لیے کیوں بند رکھا گیا ہے؟ جب کوئی سیکورٹی خدشات نہیں ہیں، تومقامی افراد کو روزگار سے کیوں محروم رکھا جا رہا ہے؟‘‘ انہوں نے گورنر سے ذاتی طور پر مداخلت کرنے کی اپیل کی۔
ولر جھیل، جو ایشیا کی سب سے بڑی تازہ پانی کی جھیلوں میں شمار ہوتی ہے، ہر سال ہزاروں سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔ سوپور-بانڈی پورہ سڑک کے ساتھ واقع ویو پوائنٹ سے جھیل کے دلکش مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں اور حالیہ برسوں میں یہ مقام سیاحوں اور مقامی افراد کے لیے خاص طور پر گرمیوں میں ایک اہم تفریحی مرکز بن چکا ہے۔
سینئر کانگریس لیڈر نظام الدین بٹ کی لیفٹنٹ گورنر سے ولر ویو پوائنٹ دوبارہ کھولنے کی مانگ
