عظمیٰ ویب ڈیسک
ڈوڈہ// غیر ملکی شہریوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے شروع کی گئی ایک خصوصی مہم میں، پولیس نے 9 روہنگیائی، ایک بنگلہ دیشی شہری کے خلاف غیر قانونی طور پر بھارتی شناختی دستاویزات جیسے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، آدھار کارڈ، راشن کارڈ، ووٹر شناختی کارڈ، اور پین کارڈ وغیرہ حاصل کرنے پر تین ایف آئی آر درج کی ہیں جو غیر قانونی طور پر ڈوڈہ ضلع میں مقیم ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ڈوڈہ ضلع کے مختلف مقامات پر غیر ملکیوں (روہنگیا اور بنگلہ دیشی) کے غیر قانونی قیام کے حوالے سے تفصیلی مجرد تفتیش کرنے کے بعد ملزمان راحیلہ بیگم، شکیلہ بیگم، جہاں آرا، میم بانو اور مسکان بانو — سبھی میانمار کے رہائشی ہیں، کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اسی طرح، روہنگیا اور ان کے سہولت کاروں – زاویرہ بیگم، شبنم بیگم، نور بھر اور زینت بیگم – سبھی میانمار کے رہائشیوں کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس تھانہ گندوہ میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے کہا، ”ایک تفصیلی انکوائری کی گئی ، جس دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ روہنگیا ڈوڈہ ضلع میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے اور ڈوڈہ کے مستقل رہائشی کے طور پر اپنی شناخت ظاہر کرنے کے لیے غیر قانونی طور پر بھارتی شناختی دستاویزات حاصل کیے۔“
ڈھاکہ کی رہائشی ایک بنگلہ دیشی شہری نصرت جہاں اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف غیر قانونی طور پر ویزہ کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے اور بھارتی شناختی دستاویزات حاصل کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے کہا،”جاری تحقیقات کے دوران، پولیس نے گھر گھر تلاشی لی اور مجرمانہ مواد برآمد کیا جو ثبوت کے طور پر ضبط کیا گیا ہے”۔
واضح رہے کہ ان تمام معاملات کی تحقیقات ان غیر ملکیوں کو ہندوستانی شناختی دستاویزات اور دیگر متعلقہ مدد فراہم کرنے میں ملوث سہولت کاروں اور سرکاری ملازمین کا پتہ لگانے کے لیے حرکت میں آ گئی ہیں تاکہ ایسے مدد کرنے والے ہاتھوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔