عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// آئندہ ہفتے خشک موسم کی پیش گوئی کے درمیان اتوار اور پیر کی درمیانی شب کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی، جس دوران متعدد مقامات پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے درج کیا گیا ہے۔
مقامی محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ پہلگام میں درجہ حرارت منفی 3.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ علاقے میں یہ موسم کی سرد ترین رات تھی۔
قاضی گنڈ، کپواڑہ اور گلمرگ سمیت کئی مقامات پر پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے چلا گیا۔ کپواڑہ میں درجہ حرارت منفی 2.5 ڈگری سیلسیس رہا جبکہ کوکرناگ میں کم سے کم 0.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی 3.0 ڈگری سیلسیس کے ساتھ دوسرا سرد ترین رہا جبکہ جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ میں درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
جموں و کشمیر کی گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خشک اور ابر آلود موسم کا سلسلہ 10 دسمبر تک جاری رہے گا۔