جموں وکشمیر میں مونسون جاری ہوتے ہی وادی کشمیر کے بیشتر مقامات پر رات کے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور جموں خطہ میں جمعہ کو گراوٹ درج کی گئی حالانکہ موسمیات کے ماہرین نے اگلے چند دنوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جموں صوبے میں مونسون کی دستک کے درمیان ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے درجہ حرارت میں غیر معمولی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ وہیں وادی میں کافی روز سے بارش نہ ہونے کی وجہ سے درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو تا جا رہا ہے، جس سے گرمی شدید لہر پیدا ہو گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے یہاں بتایا کہ اگلے 4سے5 دنوں کے دوران جموں و کشمیر کے مختلف مقامات پر بالخصوص صبح کے اوقات میں ہلکی سے درمیانی درجہ کی بارش کا امکان ہے۔
دریں اثنا، انہوں نے کہا، “سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 23.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات 22.4 ڈگری سینٹی گریڈ تھا”۔